منگلورو7؍فرروری (ایس او نیوز) الال پولیس اسٹیشن کے حدود میں کاپیکاڈ کے پاس ایک عمارت کے صحن میں نوجوان کی لاش پائی گئی ہے جسے دیکھ کر بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ نوجوان عمارت کی چھت سے گر کر ہلاک ہوگیا ہوگا، لیکن اس بات کابھی شبہ کیا جارہا ہے کہ کسی نے اسے قتل کردیا ہوگا۔
مہلوک نوجوان کی شناخت نشان(26سال) کے طور پر کی گئی ہے جو امبیکا نگر کا رہنے والا ہے اور پیشے سے رکشہ ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔جس گھر کے صحن میں نشان کی لاش پائی گئی ہے اس کے مالک کا نام میرا اچاری بتایا جاتاہے۔سمجھا جارہا ہے کہ نشان جو کہ ایک منشیات کا عادی اور ذہنی تناؤ کا شکار نوجوان تھا، وہ اس مکان سے متصل بھاگوتی کامپلیکس کی چھت سے نیچے گر کر ہلاک ہوا ہوگا۔لیکن کچھ لوگ اس پر قتل کا شبہ اس وجہ سے ظاہر کررہے ہیں کہ نشان کا ہاتھ تو ٹوٹا ہوا ہے ، مگر عمارت کی چھت سے گرنے کی صورت میں اس کے سر پر جو چوٹ ہونی چاہیے تھی، وہ پائی نہیں گئی ہے۔الا ل پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ اور کیس درج کرنے کے ساتھ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردیا۔